ورلڈکپ 2026: اسپین نے فرانس کا خواب چکنا چور کردیا، 2-0 کی فتح کے ساتھ فائنل میں داخل

ڈیلس: فیفا فٹبال ورلڈکپ 2026 کے پہلے سیمی فائنل میں اسپین نے فرانس کو 0-2 سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ اسپین کی ٹیم 16 سال بعد ایک بار پھر ورلڈکپ فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔
ڈیلس میں کھیلے گئے سنسنی خیز سیمی فائنل میں اسپین نے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور فرانس کو دباؤ میں رکھا۔ اسپین کی جانب سے پہلا گول پہلے ہاف کے 22ویں منٹ میں میکیل اویارزابال نے پنالٹی کے ذریعے کیا، جو ورلڈکپ میں ان کا پانچواں گول بھی تھا۔
دوسرے ہاف میں اسپین نے اپنی برتری مزید مستحکم کرتے ہوئے دوسرا گول داغ دیا۔ 58ویں منٹ میں پیڈرو پورو نے شاندار کک کے ذریعے گیند کو جال میں پہنچا کر ٹیم کی کامیابی تقریباً یقینی بنا دی۔
فرانس کے اسٹار فٹبالر کائلین ایمباپے، جو ٹورنامنٹ میں 8 گول کرچکے تھے، سیمی فائنل میں اپنی ٹیم کے لیے گول کرنے میں ناکام رہے۔
اس کامیابی کے ساتھ اسپین نے 2010 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈکپ فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ یاد رہے کہ اسپین نے 2010 میں پہلی بار فیفا ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
فیفا ورلڈکپ 2026 کا دوسرا سیمی فائنل ارجنٹینا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، جس کے بعد فائنل میں اسپین کا مقابلہ فیصلہ ہوگا۔
